نویں جماعت کے خراب نتائج، لاہور کے 41 سرکاری سکولوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) نویں جماعت کے سالانہ امتحانات میں ناقص نتائج دینے والے سرکاری سکولوں کے خلاف محکمہ تعلیم نے کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق لاہور کے 41 سرکاری سکولوں میں نویں جماعت کا کامیابی کا تناسب 20 فیصد سے بھی کم رہا، جس پر متعلقہ سکول سربراہان اور اساتذہ کو شوکاز نوٹس جاری کیے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق خراب نتائج والے سکولوں کے سربراہان اور متعلقہ اساتذہ سے طلبہ کی ناقص کارکردگی کی وجوہات کے بارے میں وضاحت طلب کی جائے گی، جبکہ ان کی مجموعی پیشہ ورانہ کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔
اعداد و شمار کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول وسن پورہ میں نویں جماعت کا ایک بھی طالب علم کامیاب نہیں ہو سکا، جبکہ لاہور کے مزید 27 سرکاری سکولوں میں کامیاب ہونے والے طلبہ کی تعداد 10 سے بھی کم رہی۔
محکمہ تعلیم کے اعداد و شمار کے مطابق پنجاب بھر میں تقریباً 2 ہزار 200 سرکاری سکول ایسے ہیں جہاں نویں جماعت میں کامیابی کا تناسب 20 فیصد سے کم رہا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ناقص نتائج دینے والے سکولوں کے سربراہان اور متعلقہ اساتذہ سے نتائج کی وجوہات معلوم کی جائیں گی۔ ذمہ دار افسران اور اساتذہ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔
محکمہ تعلیم کے مطابق اس اقدام کا مقصد سرکاری سکولوں میں تعلیمی معیار بہتر بنانا، طلبہ کی تعلیمی کارکردگی میں بہتری لانا اور ناقص نتائج کے ذمہ داران کا تعین کرنا ہے۔



