سعودی آئل فیلڈ پر داغے گئے ڈرونزفضا میں تباہ،ملبہ گرنے سے 2 غیر ملکی ہلاک،2 زخمی

ریاض(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب نے حوثیوں کی جانب سے آئل فیلڈ پر داغے گئے ڈرونز کو فضا میں تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔

عرب میڈیا کے مطابق سعودی وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مشرقی صوبے میں سعودی تیل کمپنی آرامکو کی شیبہ آئل فیلڈ کو نشانہ بنانے کی کوشش ناکام بنادی گئی۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈرون کو فضا میں تباہ کیے جانے کے بعد اس کے گرنے والے ملبے سے فلپائن اور نیپال سے تعلق رکھنے والے دو غیر ملکی ہلاک ہوگئے۔

ڈرون کا ملبہ گرنے سے دو افراد زخمی بھی ہوئے جن میں سے ایک کا تعلق پاکستان جب کہ دوسرے کا تعلق بھارت سے ہے۔

سعودی وزارت توانائی کے بیان میں زخمیوں کی حالت اور انہیں پہنچنے والے زخموں کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔

بیان میں بتایا گیا کہ ڈرون کے ملبے کے باعث آئل فیلڈ میں کام کرنے والے ایک ٹھیکیدار کی گاڑی میں آگ لگ گئی۔ یہ گاڑی تنصیب کی حدود سے باہر موجود تھی۔

سعودی حکام کے مطابق واقعے کے باوجود شیبہ آئل فیلڈ کی عملی سرگرمیاں متاثر نہیں ہوئیں اور تیل کی پیداوار یا دیگر کاموں میں کسی تعطل کی اطلاع نہیں دی گئی۔

واقعے کے بعد کسی گروہ کی جانب سے بھی فوری طور پر حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کی اطلاع سامنے نہیں آئی تاہم حالیہ تمام حملوں کی ذمہ داری حوثیوں نے قبول کی ہے۔

واضح رہے کہ شیبہ آئل فیلڈ سعودی عرب کی اہم ترین تیل تنصیبات میں شمار ہوتی ہے تاہم حکام نے ڈرون حملے کی کوشش کے ذمہ داروں، ڈرون کی سمت یا اس کے ممکنہ ہدف سے متعلق مزید معلومات فراہم نہیں کیں۔

مزید خبریں

Back to top button