پینے کے پانی کے لیے عورتیں اور معصوم بچے سڑکوں پر نکل آئے، قومی شاہراہ بند، گاڑیوں کی لمبی قطاریں

ٹھٹھہ ( جاوید لطیف میمن\جانوڈاٹ پی کے )پینے کے پانی کی قلت سنگین صورت اختیار کر گئی، "پانی دو، پانی دو” کے نعرے لگاتے ہوئے عورتیں اور معصوم بچے بھی احتجاج کے لیے سڑکوں پر نکل آئے۔
تفصیلات کے مطابق گھارو کے قریب نور محمد تھیم اسٹاپ پر تھیم اور پلیجو برادری کی عورتوں، بچوں اور مردوں نے پینے کے پانی کی قلت کے خلاف ٹھٹھہ کراچی مین نیشنل ہائی وے پر دھرنا دے کر روڈ بلاک کر دیا۔
احتجاج کے باعث قومی شاہراہ کے دونوں اطراف ٹریفک معطل ہو گئی جبکہ کراچی اور ٹھٹھہ جانے والی گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں اور مسافر شدید پریشانی کا شکار ہو گئے۔
احتجاج کرنے والی عورتوں کا کہنا تھا کہ علاقے کے بااثر لوگوں نے مبینہ طور پر پانی کی لائنیں بند کروا دی ہیں جس کے باعث ہم اور ہمارے معصوم بچے پینے کے پانی کے ایک ایک قطرے کے لیے ترس رہے ہیں۔
عورتوں کا مزید کہنا تھا کہ گھروں میں پینے کا پانی موجود نہیں، بچے پیاس اور تکلیف میں مبتلا ہیں لیکن بار فریاد کرنے کے باوجود ان کا مسئلہ حل نہیں کیا گیا۔
مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ علاقے میں پانی کی فراہمی فوری طور پر بحال کی جائے، مبینہ طور پر لائنیں بند کروانے والے عمل کی تحقیقات کرائی جائیں اور رہائشیوں کو مستقل بنیادوں پر پینے کا پانی فراہم کیا جائے۔



