مقدمات کی جلد سماعت کیلئے شام کو بھی عدالتی بینچ بیٹھے گا، چیف جسٹس یحییٰ آفریدی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا ہے کہ زیر التوا مقدمات کی جلد سماعت یقینی بنانے کے لیے شام کے اوقات میں بھی عدالتی بینچ تشکیل دے کر مقدمات کی سماعت کی جائے گی۔

فل کورٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ مقدمات مقرر کرنے کی پالیسی ویب سائٹ پر جاری کردی گئی ہے اور اب ان کے کہنے پر بھی کسی مقدمے کو مقرر نہیں کیا جاتا۔

انہوں نے ججز کی چھٹیوں سے متعلق تاثر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بات درست نہیں کہ ججز تین ماہ کی چھٹیاں کرتے ہیں۔ ججز تین ماہ کے عرصے کے دوران صرف ایک ماہ کی چھٹی کرتے ہیں۔

چیف جسٹس نے بتایا کہ ایک بینچ کے سامنے ایک ہی روز میں 75 مقدمات مقرر کیے گئے۔ مقدمات مقرر کرنے کی پالیسی ویب سائٹ پر موجود ہے جبکہ کاز لسٹ میں شامل مقدمات کو دو افسران دوبارہ چیک کرتے ہیں۔

جسٹس یحییٰ آفریدی نے کہا کہ جلد سماعت کی درخواستوں کے لیے خصوصی بینچ تشکیل دیا جا رہا ہے، جو زیر سماعت مقدمات کو جلد نمٹانے کے لیے شام کے اوقات میں بھی سماعت کرے گا۔

چیف جسٹس پاکستان نے مزید بتایا کہ شریعت اپیلیٹ بینچ ہر دو ماہ بعد ایک ہفتے کے لیے بیٹھے گا، تاکہ متعلقہ مقدمات کی سماعت باقاعدگی سے ممکن بنائی جاسکے۔

مزید خبریں

Back to top button