پنجاب حکومت پی ٹی آئی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ سے گریز کرے، بیرسٹر گوہر

بونیر (جانوڈاٹ پی کے) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے اور گرفتاریوں سے گریز کرے۔

اپنے بیان میں بیرسٹر گوہر نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوریت اور ملک کو بچانے کے لیے نکل رہی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی قیادت میں سٹریٹ موومنٹ پرامن اور آئین و قانون کے مطابق ہوگی۔

انہوں نے پنجاب حکومت، بالخصوص وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ سے مطالبہ کیا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے راستے میں رکاوٹیں نہ ڈالی جائیں اور پی ٹی آئی کارکنوں کو ہراساں کرنے کے ساتھ ساتھ پکڑ دھکڑ سے بھی گریز کیا جائے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سیاسی کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمت اور بہتر اقدامات کی ضرورت ہے۔ حکومت سخت اقدامات کے بجائے مذاکرات اور مفاہمت کی جانب بڑھے تاکہ سیاسی ماحول میں بہتری لائی جا سکے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات اور ان کے اہلخانہ کو بھی ملاقات کی اجازت دینے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ گولی نہیں چلنی چاہیے اور گولی کا وقت ختم ہونا چاہیے۔ پی ٹی آئی اسلام آباد انصاف مانگنے آرہی ہے اور کارکنان پرامن طریقے سے دارالحکومت پہنچیں گے۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ اختلافِ رائے کی قدر کرنا جمہوریت کا بنیادی حصہ ہے، اس لیے حکومت کو سخت اقدامات کے بجائے مفاہمت کا راستہ اختیار کرنا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button