عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز پر حملہ، ایک بھارتی شہری لاپتہ

مسقط (ویب ڈیسک) عمان کے ساحل کے قریب تجارتی جہاز ایم ٹی ایل گائیا پر حملے کے نتیجے میں عملے کا ایک بھارتی رکن لاپتہ ہوگیا، جبکہ جہاز پر سوار 14 بھارتی شہریوں میں سے 13 کو بحفاظت بچا لیا گیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے تجارتی جہاز پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمان میں بھارتی سفارتخانہ واقعے کی صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور لاپتہ شہری کی تلاش اور امدادی کارروائیوں کے لیے عمانی حکام سے رابطے میں ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق جہاز پر سوار 14 بھارتی عملے کے ارکان میں سے 13 کو بچا لیا گیا ہے جبکہ ایک بھارتی شہری تاحال لاپتہ ہے، جس کی تلاش جاری ہے۔
بھارتی وزارت خارجہ نے کہا کہ سفارتخانہ لاپتہ شہری کی تلاش اور امدادی کارروائی میں عمانی حکام کے ساتھ مل کر کام کر رہا ہے۔ بھارتی شہریوں کو بچانے میں تعاون پر عمانی حکام کا شکریہ بھی ادا کیا گیا۔
بھارتی وزارت خارجہ نے خطے میں کشیدگی میں فوری کمی اور امن کے قیام کے لیے مذاکرات اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل دہراتے ہوئے کہا کہ تجارتی جہازوں، ملاحوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا ناقابل قبول ہے۔



