انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ، پاکستان پر بھاری جرمانہ، 11 پوائنٹس کٹ گئے

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) انگلینڈ کے خلاف تیسرے ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی پر پاکستان کرکٹ ٹیم کو بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑ گیا، قومی ٹیم پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی کاٹ لیے گئے۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے مطابق پاکستان ٹیم مقررہ وقت میں 11 اوورز مکمل نہ کرا سکی، جس پر سلو اوور ریٹ کی کارروائی کی گئی۔ آئی سی سی میچ ریفری رنجن مدوگالے نے قومی ٹیم پر میچ فیس کا زیادہ سے زیادہ 50 فیصد جرمانہ عائد کیا۔

قوانین کے تحت سلو اوور ریٹ کی صورت میں ہر کم اوور پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ کیا جاتا ہے، تاہم جرمانے کی زیادہ سے زیادہ حد 50 فیصد مقرر ہے۔ پاکستان کی جانب سے 11 اوورز کم کرائے جانے کے باعث قومی ٹیم پر مکمل 50 فیصد جرمانہ عائد ہوا۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے قوانین کے مطابق مقررہ وقت میں نہ کرائے جانے والے ہر اوور پر ایک چیمپئن شپ پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے، جس کے تحت پاکستان کے مجموعی طور پر 11 پوائنٹس کم کر دیے گئے۔

پوائنٹس میں اس کٹوتی سے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں پاکستان کی پوزیشن اور آئندہ پوائنٹس ٹیبل پر اس کے امکانات متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

قومی کپتان بابر اعظم نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی تسلیم کرلی، جس کے باعث معاملے پر باضابطہ سماعت کی ضرورت پیش نہیں آئی۔ آن فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفانی جبکہ تھرڈ امپائر کی جانب سے پاکستان کے سلو اوور ریٹ سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی تھی، جس کی بنیاد پر آئی سی سی نے کارروائی کرتے ہوئے سزا سنائی۔

مزید خبریں

Back to top button