بھارت نے سری لنکا کو روند ڈالا، ویمنز ایشیا کپ کا تاج آٹھویں بار اپنے نام کرلیا

دبئی(جانو ڈاٹ پی کے) بھارت نے شاندار آل راؤنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سری لنکا کو 72 رنز سے شکست دے کر ویمنز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 2026 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ بھارت نے ریکارڈ آٹھویں مرتبہ ایشیا کپ کا تاج حاصل کیا۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 183 رنز بنائے اور سری لنکا کو کامیابی کے لیے 184 رنز کا ہدف دیا۔

بھارت کی جانب سے شفالی ورما نے 39 گیندوں پر 68 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی، جبکہ اسمرتی مندھانا نے 39 گیندوں پر 59 رنز بنائے۔ دونوں اوپنرز نے پہلی وکٹ کے لیے شاندار 129 رنز کی شراکت قائم کرکے بھارت کو مضبوط بنیاد فراہم کی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکن بیٹنگ لائن بھارتی اسپنرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 111 رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔

سری لنکا کی جانب سے کپتان چماری اتاپتو نے 36 رنز بنا کر مزاحمت کی، جبکہ ویشمی گونارتنے نے 20 اور نیلاکشی ڈی سلوا نے 22 رنز بنائے، تاہم دیگر بلے باز بھارتی باؤلنگ کے سامنے زیادہ دیر نہ ٹھہر سکے۔

بھارت کی جانب سے شری چارانی نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 4 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ دیپتی شرما نے 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ شری چارانی کی شاندار باؤلنگ نے سری لنکا کی ہدف تک پہنچنے کی امیدیں ختم کردیں۔

یوں بھارت نے فائنل میں 72 رنز سے فتح حاصل کرکے 2024 کے فائنل میں سری لنکا کے ہاتھوں ملنے والی شکست کا بدلہ بھی چکا دیا۔ بھارت اب ویمنز ایشیا کپ کی تاریخ کی سب سے کامیاب ٹیم بن چکا ہے اور اس نے نو فائنلز میں آٹھویں مرتبہ ٹائٹل اپنے نام کیا ہے۔Deepti Sharma got Chamari Athapaththu and Vishmi Gunarathne in one over, India vs Sri Lanka, final, Women's T20 Asia Cup, Dubai, September 13, 2026

مزید خبریں

Back to top button