سعودی عرب پر حوثیوں کے حملے،شہباز شریف کامحمد بن سلمان سے ہنگامی رابطہ،حمایت کا یقین دلادیا

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف اور سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے درمیان ٹیلیفون پر اہم گفتگو ہوئی، جس میں خطے کی موجودہ صورتحال، سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں اور علاقائی امن و استحکام کے لیے جاری کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثیوں کے حالیہ حملوں، بالخصوص شہری اور اقتصادی بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سعودی قیادت اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ حوثیوں کی حالیہ کارروائیاں علاقائی امن و سلامتی کے لیے سنگین خطرہ ہیں اور عالمی معیشت کے ساتھ توانائی کی فراہمی میں مزید خلل کا باعث بن سکتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کشیدگی میں کمی اور خطے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

وزیراعظم نے موجودہ بحران کے دوران دانشمندانہ اور دوراندیش قیادت پر سعودی ولی عہد کو خراج تحسین پیش کیا، جبکہ خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود کے لیے نیک خواہشات اور دلی احترام کا اظہار بھی کیا۔

دوسری جانب سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی عرب کے لیے پاکستان کی مسلسل اور ثابت قدم حمایت کو سراہا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی۔

دونوں رہنماؤں نے قریبی رابطہ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا اور جلد ملاقات کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔

مزید خبریں

Back to top button