لاہور میں آلو گوبھی کا سالن جان لیوا بن گیا؟2بچے دم توڑ گئے،والدین کی حالت تشویشناک

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) ہربنس پورہ کے علاقے میں مبینہ طور پر زہریلا کھانا کھانے سے دو بچے جاں بحق جبکہ ان کے والدین کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ فرانزک ماہرین نے کھانے میں چھپکلی گرنے کا شبہ ظاہر کیا ہے، تاہم واقعے کی حتمی وجہ تحقیقات کے بعد ہی سامنے آئے گی۔
پولیس حکام کے مطابق ہربنس پورہ میں ایک میاں بیوی اور ان کے دو بچوں نے رات کا بچا ہوا کھانا کھایا، جس کے کچھ دیر بعد چاروں کی طبیعت اچانک خراب ہوگئی۔ اہل خانہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا۔
پولیس کے مطابق طبی امداد کے دوران دونوں بچے دم توڑ گئے، جن کی شناخت قدیر اور عاصمہ کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ بچوں کے والدین کی حالت تشویشناک ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ اور فرانزک ماہرین جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور متاثرہ گھر سے کھانے سمیت دیگر شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیئے۔



