پی ٹی آئی کا جماعت اسلامی کے دھرنوں کی حمایت کا اعلان، لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ

لاہور(جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنوں کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے جماعت اسلامی کو انصاف کے لیے ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں شرکت کی دعوت دینے کا فیصلہ کرلیا۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا کہ پی ٹی آئی جماعت اسلامی کے دھرنے کی حمایت کرتی ہے، جبکہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی سے متعلق حافظ نعیم الرحمان کے بیان کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمان کی پریس کانفرنس خوش آئند ہے، پی ٹی آئی نے ہمیشہ جماعت اسلامی کے احتجاج کا ساتھ دیا ہے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہونے والی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔

بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ حافظ نعیم الرحمان پیٹرولیم لیوی کے خاتمے اور عوام کو ریلیف دلانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں، ہم ان کے دھرنوں کی حمایت کرتے ہیں اور ہمارا بھی مطالبہ ہے کہ حکومت ایسے اقدامات کرے جن سے عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ وہ حافظ نعیم الرحمان اور جماعت اسلامی کو دعوت دیتے ہیں کہ وہ انصاف کے لیے ہونے والے پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں ساتھ دیں، جبکہ انہیں باضابطہ طور پر دعوت بھی دی جائے گی۔

دوسری جانب پیٹرولیم لیوی اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کے ملک گیر دھرنوں کا 29واں روز ہے۔ لاہور، کراچی، پشاور، راولپنڈی، ہری پور اور سوات سمیت 35 سے زائد مقامات پر احتجاجی کیمپ اور دھرنے جاری ہیں۔

جماعت اسلامی کی جانب سے 20 ستمبر کو اسلام آباد لانگ مارچ کی تیاریاں بھی جاری ہیں، جبکہ پی ٹی آئی کی جانب سے حمایت کے اعلان کے بعد اپوزیشن جماعتوں کے درمیان مشترکہ احتجاجی سرگرمیوں کے امکانات بھی نمایاں ہوگئے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button