پنجاب میں امن و امان بہتر بنانے کیلئے پولیس افسران کو 4 ہفتوں کی مہلت، ناکامی پر عہدوں سے ہٹانے کا عندیہ

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے میں امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے، خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام اور پولیس کی کارکردگی مؤثر بنانے کے لیے متعلقہ افسران کو چار ہفتوں کی مہلت دے دی۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مقررہ مدت میں بہتری نہ آنے پر ذمہ دار پولیس افسران کو عہدوں سے ہٹایا جا سکتا ہے۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی زیر صدارت امن و امان سے متعلق خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں ریجنل پولیس افسران (آر پی اوز) اور ضلعی پولیس افسران (ڈی پی اوز) نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ اجلاس کے دوران صوبے کے تمام ڈویژنوں اور اضلاع میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
خواتین اور بچوں کے خلاف جرائم کی روک تھام کا حکم
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے خواتین اور بچوں کے خلاف بڑھتے ہوئے جرائم پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی روک تھام کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے واضح کیا کہ امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے میں پولیس افسران کی کارکردگی کا جائزہ لیا جائے گا اور چار ہفتوں میں مطلوبہ نتائج نہ ملنے پر کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اجلاس میں پولیس کو تمام اضلاع، بالخصوص صوبائی سرحدی علاقوں میں گندم کی سمگلنگ روکنے کا حکم دیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے پولیس میں انسدادِ رشوت ستانی مہم تیز کرنے اور بدعنوانی میں ملوث اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی بھی ہدایت کی۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی اور ناجائز اسلحے کے خلاف کارروائی
مریم نواز شریف نے ٹریفک مینجمنٹ پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اوور اسپیڈنگ کے خلاف مؤثر کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے صوبے بھر میں ناجائز اسلحہ رکھنے والوں کے خلاف پیشگی اقدامات اور اسلحہ برآمد کرنے کا حکم بھی دیا۔
وزیراعلیٰ نے کیمرے والی عینک سمیت دیگر جاسوسی آلات پر پابندی کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی اور پولیس کو جرائم کی روک تھام کے لیے اپنی کارروائیاں مزید مؤثر بنانے پر زور دیا۔
پولیس پٹرولنگ بڑھانے اور ڈولفن فورس کو سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت
وزیراعلیٰ نے صوبے بھر میں پولیس پٹرولنگ بڑھانے اور ہر علاقے میں پولیس کی نمایاں موجودگی یقینی بنانے کا حکم دیا تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی حوصلہ شکنی کی جا سکے۔ انہوں نے لاہور میں ڈولفن فورس کو پٹرولنگ کے لیے موٹر سائیکلیں اور دیگر ضروری سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔
اجلاس میں راولپنڈی ڈویژن کی امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ مریم نواز شریف نے تمام آر پی اوز کو ہدایت کی کہ جرائم کی روک تھام کے لیے ہفتہ وار اجلاس منعقد کریں اور متعلقہ ڈی پی اوز کی کارکردگی رپورٹس بھی پیش کریں۔
منشیات کے خاتمے اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کا فیصلہ
وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح کیا کہ صوبے میں بدمعاشی کا کلچر برداشت نہیں کیا جائے گا اور ایسے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے منشیات کے خاتمے، جرائم کے ہاٹ اسپاٹس کی نشاندہی اور جرائم پیشہ نیٹ ورکس توڑنے کے لیے بھرپور اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں ہجوم سے نمٹنے کے لیے مخصوص آر ایم سی پولیس فورس کی استعداد کار بڑھانے کا عمل جاری رکھنے کی ہدایت بھی کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے مجوزہ دھرنے کے دوران بہتر ڈیوٹی انجام دینے پر آر ایم سی فورس کی کارکردگی کو سراہا۔
شہید پولیس اہلکاروں کے اہلِ خانہ کے لیے خصوصی پیکج
مریم نواز شریف نے دورانِ ڈیوٹی جانیں قربان کرنے والے پولیس اہلکاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہید پولیس افسران کے اہلِ خانہ کو تاحیات تنخواہ اور خصوصی پیکج دینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے تبلیغی اجتماع کے منتظمین کے پاس پولیس افسران کو خود پہنچنے کی بھی ہدایت کی تاکہ انتظامی امور اور سکیورٹی سے متعلق معاملات کو بروقت اور مؤثر انداز میں حل کیا جا سکے۔



