شناختی کارڈ کی تجدید کیلئے میعاد ختم ہونے کا انتظار ضروری نہیں، نادرا کی وضاحت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے شہریوں کو شناختی کارڈ کی تجدید کے حوالے سے اہم سہولت سے آگاہ کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ کارڈ کی میعاد ختم ہونے سے پہلے بھی اس کی تجدید کرائی جا سکتی ہے۔

ترجمان نادرا سید شباہت علی کے مطابق اگر شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے میں ابھی ایک یا دو ماہ باقی ہیں تو شہری فوری طور پر اس کی تجدید کروا سکتے ہیں۔ تجدید کے بعد جاری ہونے والا کارڈ نیا شناختی کارڈ تصور ہوگا۔

ترجمان کا کہنا ہے کہ شہریوں کو شناختی کارڈ کی میعاد ختم ہونے کا انتظار کرنے کی ضرورت نہیں، وہ اپنی سہولت کے مطابق کسی بھی وقت اس کی تجدید کرا سکتے ہیں۔

نادرا کے مطابق نیا شناختی کارڈ موصول ہونے کے بعد شہریوں کو پاک آئی ڈی ایپ میں موجود ڈیجیٹل شناختی کارڈ بھی اپ ڈیٹ کرنا ہوگا، تاکہ اس میں نئے کارڈ کی تفصیلات اور تاریخِ تنسیخ ظاہر ہو۔

اس مقصد کے لیے شہری پاک آئی ڈی ایپ کھول کر ڈیجیٹل شناختی کارڈ پر دوبارہ کلک کریں۔ اس عمل کے بعد نئی تاریخِ تنسیخ والا تازہ ترین ڈیجیٹل شناختی کارڈ موبائل فون میں دستیاب ہو جائے گا۔

ترجمان نادرا کے مطابق ایپ کو ریفریش یا اپ ڈیٹ کرنے سے ڈیجیٹل شناختی کارڈ کی تفصیلات بھی نئے جاری ہونے والے شناختی کارڈ کے مطابق تبدیل ہو جائیں گی۔

مزید خبریں

Back to top button