واخان راہداری میں مبینہ دراندازی، چین کی افغان طالبان کو فوری علاقہ چھوڑنے کی وارننگ

بیجنگ (مانیٹرنگ ڈیسک) افغان طالبان کے اہلکاروں کی جانب سے چین کی سرحد پر مبینہ دراندازی کی کوشش کے بعد چینی سرحدی حکام نے سخت انتباہ جاری کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر علاقہ چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
افغان جریدے افغانستان انٹرنیشنل کے مطابق واخان راہداری کے ذریعے سرحدی دراندازی کی کوشش پر چینی حکام نے طالبان اہلکاروں کو وارننگ دی۔ رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ افغانستان سے سرحد پار دراندازی کے خدشات کے باعث چین نے اپنی سرحدی نگرانی مزید سخت کر دی ہے۔
رپورٹ کے مطابق افغان طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد چین نے افغانستان کے ساتھ سرحد پر سکیورٹی انتظامات میں اضافہ کرتے ہوئے خاردار باڑ نصب کی اور نگرانی کے لیے کیمرے بھی لگائے ہیں۔
افغان جریدے کا کہنا ہے کہ دہشت گردوں کی ممکنہ دراندازی کے خدشے کے پیش نظر چین نے واخان سرحدی راستہ تاحال بند رکھا ہوا ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ افغانستان سے سرحد پار دہشت گردی اور دراندازی کے خدشات کے باعث خطے کے دیگر ہمسایہ ممالک بھی اپنی سرحدوں پر سکیورٹی سخت کر رہے ہیں۔
تاہم، مبینہ دراندازی کی کوشش اور چینی حکام کی جانب سے وارننگ سے متعلق تفصیلات کی آزادانہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔



