میئر کراچی کا رات گئے ترقیاتی منصوبوں کا دورہ، مزید 140 سڑکوں کی بحالی کا اعلان

کراچی (جانوڈاٹ پی کے) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے رات گئے شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا دورہ کیا اور ضلع وسطی کے بھنگوریا ٹاؤن میں پاور بلاک کے کاموں کا معائنہ کیا۔ انہوں نے سمال انڈسٹریل ایریا سمیت دیگر علاقوں میں جاری منصوبوں کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔
اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں جاری ترقیاتی کام جلد مکمل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ مزید 140 سڑکوں کی بحالی کا کام بھی شروع کیا جا سکے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ ترقیاتی منصوبوں پر تنقید کرنے والے اس بات پر ناراض ہیں کہ شہر میں اتنے کام کیوں ہو رہے ہیں۔ ان کے مطابق شہریوں کی خدمت اور ان کے مسائل کا حل پاکستان پیپلز پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ شہری حکومت چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے وژن کے مطابق کام کر رہی ہے اور شہر میں بنیادی سہولیات کی بہتری کے لیے اقدامات جاری ہیں۔
انہوں نے ضلع وسطی کی سابقہ صورتحال کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے تک علاقے پر حکومت کرنے والوں کے دور میں جو حالات پیدا ہوئے، اب انہیں بہتر بنانے کے لیے بھی کوششیں کی جا رہی ہیں۔
مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ شہری حکومت کی ترجیح سیاسی بیانات نہیں بلکہ عملی اقدامات کے ذریعے شہر کے مسائل حل کرنا اور شہریوں کو بہتر سہولیات فراہم کرنا ہے۔



