وزیراعظم کا بڑا پٹرول ریلیف پیکیج، بائیک، رکشا اور 800 سی سی تک گاڑیوں کیلئے فی لیٹر 100 روپے رعایت

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعظم نے عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو بڑا ریلیف دینے کا اعلان کردیا، موٹرسائیکل، رکشا، چنگچی اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے پٹرول پر 100 روپے فی لیٹر ریلیف دیا جائے گا۔

وزیراعظم ہاؤس سے جاری بیان کے مطابق مشرق وسطیٰ کی حالیہ کشیدگی اور عالمی منڈی میں تیل کی بڑھتی قیمتوں سے عوام پر پڑنے والے اضافی بوجھ کا حکومت نے فوری نوٹس لیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں حکومت عوام کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

خصوصی ریلیف اسکیم کے تحت موٹرسائیکل، رکشا اور چنگچی سمیت دو اور تین پہیوں والی سواریوں کو ماہانہ 20 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف فراہم کیا جائے گا۔

اسی طرح 800 سی سی تک کی چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ 30 لیٹر پٹرول پر فی لیٹر 100 روپے ریلیف دیا جائے گا۔

حکومت کے اعلان کے مطابق اسلام آباد میں اسکیم کا اطلاق آئندہ پیر اور منگل کی درمیانی شب سے ہوگا، جبکہ پورے پاکستان، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں بدھ اور جمعرات کی درمیانی شب سے ریلیف اسکیم نافذ کردی جائے گی۔

وزیراعظم کے مطابق خصوصی ریلیف اسکیم کی رجسٹریشن آج سے شروع کردی گئی ہے، جبکہ رجسٹریشن اور ریلیف حاصل کرنے کے طریقہ کار سے متعلق آگاہی مہم کے ذریعے عوام کو تفصیلات فراہم کی جائیں گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موٹرسائیکل، رکشا اور چھوٹی گاڑی استعمال کرنے والے شہری تیل کی قیمتوں میں اضافے سے سب سے زیادہ متاثر ہوتے ہیں، اسی لیے حکومت نے انہیں براہِ راست ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

یوں پٹرول کی بڑھتی قیمتوں کے درمیان موٹرسائیکل اور چھوٹی گاڑیوں کے مالکان کیلئے فی لیٹر 100 روپے کا بڑا ریلیف سامنے آگیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button