ایف بی آر کا بڑا ایکشن، 35 لاکھ چھوٹے تاجروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کی مہم شروع

اسلام آباد(جانو ڈاٹ پی کے) ایف بی آر نے ملک بھر کے تقریباً 35 لاکھ چھوٹے تاجروں اور دکانداروں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کے لیے باقاعدہ مہم شروع کردی، جس کے تحت رجسٹریشن کا عمل آسان بنانے کے لیے اردو اور علاقائی زبانوں میں ایک صفحے پر مشتمل سادہ فارم جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اسکیم کے تحت 20 کروڑ روپے تک سالانہ ٹرن اوور رکھنے والے دکانداروں کو ایک فیصد ٹیکس ادا کرنا ہوگا، تاہم ہر اہل دکاندار کے لیے کم از کم 25 ہزار روپے سالانہ ٹیکس مقرر کیا گیا ہے۔
ایف بی آر کے مطابق اسکیم میں رجسٹریشن کرانے والے اہل دکانداروں کو پوائنٹ آف سیل (POS) اور ڈیجیٹل انوائسنگ سے استثنیٰ حاصل ہوگا، جبکہ اسکیم سے فائدہ اٹھانے والے تاجروں کا آڈٹ بھی نہیں کیا جائے گا۔
رجسٹرڈ تاجروں کو ودہولڈنگ ایجنٹ کی ذمہ داری سے بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔ ایف بی آر کے مطابق دکاندار ویب سائٹ، موبائل ایپ یا متعلقہ ٹیکس آفس کے ذریعے اپنی رجسٹریشن کراسکیں گے۔
قواعد و ضوابط کی پابندی کرنے والے رجسٹرڈ دکانداروں کی دکان پر کیو آر کوڈ والی گرین پلیٹ آویزاں کی جائے گی، جبکہ ٹیکس عملے کو رجسٹرڈ دکانداروں کی دکانوں کی انسپیکشن کی اجازت نہیں ہوگی۔
ایف بی آر کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد چھوٹے تاجروں کے لیے ٹیکس نظام کو آسان بناتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کاروباری افراد کو باقاعدہ ٹیکس نیٹ میں شامل کرنا ہے۔



