آبنائے ہرمز کھولنے کیلئے ایران نے امریکا کو 7 شرائط پیش کردیں، روسی میڈیا کا دعویٰ

تہران(ویب ڈیسک) ایران نے آبنائے ہرمز کھولنے کے معاملے پر امریکا کے سامنے سات شرائط پیش کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ شرائط پوری نہ ہونے کی صورت میں آبنائے ہرمز نہیں کھولی جائے گی۔
روسی میڈیا کے مطابق ایران نے ثالثوں کے ذریعے امریکا کو سات شرائط سے آگاہ کیا ہے، تاہم ان شرائط کی تفصیلات سامنے نہیں لائی گئیں۔ ایرانی حکام نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ سلطنت عمان کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے نتیجے میں آبنائے ہرمز مکمل طور پر نہیں کھولی جائے گی۔
ایرانی وزارت خارجہ کے مطابق تہران پیر کو مسقط میں اجلاس کی میزبانی کرے گا، جس میں عراق اور خلیجی ممالک کے مندوبین بھی شرکت کریں گے۔ اجلاس کا مقصد متعلقہ ممالک کو نئے بحری راستے اور ٹرانزٹ کے انتظامات سے آگاہ کرنا ہے۔
ایران اور عمان کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے تحت خلیج فارس میں داخلے کا راستہ مکمل طور پر ایرانی پانیوں سے گزرے گا، جبکہ خلیج فارس سے خارجی راستہ جزوی طور پر ایرانی پانیوں میں ہوگا۔ یہ ٹرانزٹ ایرانی پروٹوکول کے تحت کیا جائے گا۔
رپورٹ کے مطابق امریکا جس جنوبی بحری راستے کو کھولنے پر زور دے رہا ہے، اسے بند کر دیا جائے گا۔



