یو ایس اوپن کا تاج ایلینا ریباکینا کے سر،ارینا سبالینکا کو شکست

نیویارک(جانو ڈاٹ پی کے) قازقستان کی اسٹار ٹینس پلیئر ایلینا ریباکینا نے یو ایس اوپن ٹینس ٹائٹل اپنے نام کرلیا، فائنل میں عالمی نمبر ایک بیلاروس کی ارینا سبالینکا کو 1-2 سیٹس سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق سنسنی خیز فائنل میں ایلینا ریباکینا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ارینا سبالینکا کو شکست دی اور یو ایس اوپن کی ٹرافی اپنے نام کرلی۔
فائنل میں شکست کے بعد ارینا سبالینکا جذبات پر قابو نہ رکھ سکیں اور غصے میں اپنا ریکٹ توڑ دیا، جس کے باعث انہیں بھاری جرمانے کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ریکٹ توڑنے پر سبالینکا کو 50 ہزار ڈالر تک جرمانہ ہوسکتا ہے، جبکہ دو خلاف ورزیوں کے باعث ان پر مجموعی طور پر 70 ہزار ڈالر تک جرمانہ عائد کیے جانے کا امکان ہے۔
میڈیا رپورٹس میں مزید بتایا گیا ہے کہ کیمرہ آپریٹر سے مبینہ بدتمیزی کے معاملے پر بھی سبالینکا کو کارروائی کا سامنا ہوسکتا ہے۔ بار بار ریکٹ توڑنے کے باعث ان پر اضافی جرمانہ عائد کیے جانے کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
شکست کے بعد ارینا سبالینکا نے کہا کہ گرینڈ سلم فائنل ہارنے کے بعد جذبات پر قابو رکھنا بہت مشکل تھا، ریکٹ توڑ کر انہوں نے اپنے غصے اور مایوسی کا اظہار کیا۔
یوں یو ایس اوپن کا فائنل جہاں ایلینا ریباکینا کے لیے بڑی کامیابی بن گیا، وہیں ارینا سبالینکا کے جذباتی ردعمل نے بھی مقابلے کو خبروں کی زینت بنا دیا۔



