پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کا الرٹ جاری

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) پنجاب نے مون سون بارشوں کے نویں اور آخری سپیل کے پیش نظر صوبہ بھر میں الرٹ جاری کردیا ہے، جس کے تحت آج سے 17 ستمبر تک بیشتر اضلاع میں بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آج راولپنڈی، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور اٹک میں بارش کا امکان ہے، جبکہ لاہور میں موسم خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے، جہاں درجہ حرارت 27 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
ترجمان کے مطابق کل سے 17 ستمبر تک لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، منڈی بہاؤالدین، گوجرانوالہ، گجرات، وزیرآباد، حافظ آباد، قصور، اوکاڑہ، ننکانہ صاحب اور سرگودھا سمیت مختلف اضلاع میں بارش متوقع ہے۔
اسی طرح خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارشوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایات جاری کردی ہیں۔
انہوں نے خبردار کیا کہ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد سمیت بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا خطرہ موجود ہے۔ متعلقہ اداروں کو کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ صحت، آبپاشی، تعمیر و مواصلات، لوکل گورنمنٹ اور لائیو اسٹاک سمیت تمام متعلقہ اداروں کو بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے الرٹ کردیا گیا ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ خراب موسم کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں، کچے اور بوسیدہ مکانات میں رہائش سے گریز کریں اور آندھی یا طوفان کی صورت میں غیر ضروری سفر نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ آسمانی بجلی سے بچاؤ کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں جبکہ بچوں کو نشیبی علاقوں، جمع شدہ پانی اور بجلی کے کھمبوں سے دور رکھا جائے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔



