یوکرین جنگ: 5 لاکھ سے زائد روسی فوجیوں کی ہلاکت کا برطانوی دعویٰ

لندن (مانیٹرنگ ڈیسک)برطانوی دفاعی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے آغاز سے اب تک 5 لاکھ سے زائد روسی فوجی ہلاک ہوچکے ہیں۔

برطانیہ کے دفاعی عملے کے سربراہ ایئر چیف مارشل سر رچرڈ نائٹن کے مطابق روسی فوج کی مجموعی ہلاکتوں کی تعداد تقریباً 15 لاکھ تک پہنچ چکی ہے، جس میں زخمی اور دیگر جانی نقصانات بھی شامل ہیں۔

برطانوی حکام کے مطابق روسی فوجیوں کی ہلاکتوں سے متعلق یہ اعداد و شمار یوکرینی فوج کی جانب سے جاری کردہ تخمینوں سے مطابقت رکھتے ہیں، تاہم روسی حکام کی جانب سے ان دعوؤں پر فوری طور پر کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا۔

سر رچرڈ نائٹن نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ روسی مسلح افواج نے جنگ کے دوران بڑی مقدار میں فوجی سازوسامان بھی استعمال کیا ہے۔ ان کے مطابق روس کو 10 ہزار سے زائد بکتر بند اور محفوظ گاڑیوں، تقریباً 3 ہزار فضائی دفاع اور توپ خانے کے نظام جبکہ 370 سے زائد طیاروں اور ہیلی کاپٹروں کا نقصان اٹھانا پڑا ہے۔

برطانوی دفاعی اہلکار کے مطابق روسی فوج کو میدان جنگ میں پیش قدمی کے لیے مشکلات کا سامنا ہے اور مغربی حکام و تجزیہ کاروں کے مطابق رواں سال روسی پیش قدمی کی رفتار میں بھی نمایاں کمی آئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button