بحری اصلاحات کے مثبت نتائج، پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں نمایاں پیش رفت

کراچی (جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم ٹاسک فورس برائے بحری اصلاحات کے اقدامات کے مثبت اثرات سامنے آنے لگے ہیں، جس کے نتیجے میں پاکستان کے میری ٹائم سیکٹر میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔

پاکستان کی بلیو اکانومی میں 100 ارب ڈالر سے زائد کی صلاحیت موجود ہے جبکہ ملکی بندرگاہیں سالانہ 100 ملین ٹن سے زائد کارگو ہینڈل کرنے کی استعداد رکھتی ہیں۔ پاکستان کا جغرافیائی محلِ وقوع بھی اسے جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، چین اور مشرقِ وسطیٰ کے درمیان اہم تجارتی رابطے کا مرکز بناتا ہے۔

حالیہ اصلاحات کے تحت پاکستان مقامی اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے تجارت، شراکت داری اور طویل المدتی سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔ میری ٹائم شعبے میں مؤثر حکمرانی، جدید انفراسٹرکچر اور شفاف نظام کے ذریعے ترقی کے نئے راستے ہموار کیے جا رہے ہیں۔

طویل المدتی اصلاحات کے ذریعے ساحلی پٹی کو قومی معیشت، علاقائی تجارت اور عالمی روابط کے فعال مرکز میں تبدیل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد میری ٹائم سیکٹر کو صرف بندرگاہوں اور جہاز رانی تک محدود رکھنے کے بجائے ملکی خود انحصاری اور معاشی ترقی کا اہم ذریعہ بنانا ہے۔

وزیراعظم ٹاسک فورس کا 99 نکاتی میری ٹائم روڈ میپ پاکستان کے بحری وسائل کو معاشی طاقت میں تبدیل کرنے کی جانب اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔ جاری اصلاحات سے پاکستان کے میری ٹائم شعبے کو عالمی بحری معیشت میں مضبوط مقام دلانے اور قومی معیشت کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی راہ ہموار ہونے کی توقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button