پیٹرولیم مصنوعات مہنگی، گڈز ٹرانسپورٹرز کا کرایوں میں 5 فیصد اضافے کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافے کے بعد آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے مال بردار گاڑیوں کے کرایوں میں مزید 5 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔

صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے کہا کہ گزشتہ چار روز کے دوران ڈیزل کی قیمت میں فی لٹر 20 روپے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 24 روپے اضافہ کیا گیا ہے۔ اس سے قبل 20 اگست سے 7 ستمبر کے دوران بھی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں فی لٹر 23 روپے تک اضافہ کیا جاچکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر تبدیلی کا فیصلہ ناقابل قبول ہے۔ 8 سے 17 اگست تک جاری رہنے والی ملک گیر ہڑتال کے دوران وزیر پٹرولیم نے یقین دہانی کرائی تھی کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ردوبدل نہیں کیا جائے گا۔

ملک شہزاد اعوان کے مطابق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی یقین دہانیوں پر ٹرانسپورٹرز نے ملک گیر ہڑتال 40 روز کے لیے مؤخر کی تھی، تاہم حکومت کی جانب سے طے شدہ معاہدوں پر عملدرآمد نہ ہوا تو ملک بھر کے ٹرانسپورٹرز دوبارہ ہڑتال پر جانے پر مجبور ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے معاملات کے حل کے لیے 40 روز کا وقت مانگا تھا، جس کی مدت آئندہ ہفتے ختم ہو رہی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button