میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں یومِ شہادت پر صدر اور وزیراعظم کا خراجِ عقیدت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم محمد شہباز شریف نے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر عزیز بھٹی شہید کے 61ویں یومِ شہادت پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید نے اپنی لازوال قربانی کے ذریعے تاریخ میں نام ہمیشہ کے لیے امر کر دیا۔ ان کی شہادت ملکی دفاع کے لیے غیرمتزلزل عزم اور بے مثال حب الوطنی کی روشن مثال ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گا، شہداء آزادی، خودمختاری اور قومی سلامتی کی مضبوط بنیاد ہیں۔ قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کی قدر اور ان کے جذبۂ حب الوطنی کو ہمیشہ سلام پیش کرتی رہے گی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ 1965ء کی جنگ میں میجر عزیز بھٹی شہید کی بے مثال قربانی قومی تاریخ کی روشن داستان ہے۔ انہوں نے برکی سیکٹر میں دشمن کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر دفاع وطن کا فریضہ انجام دیا اور 12 ستمبر 1965ء کو جام شہادت نوش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پوری قوم میجر عزیز بھٹی شہید کی حب الوطنی، شجاعت اور جانفشانی کو سلام پیش کرتی ہے۔ وطن کے لیے ان کی عظیم قربانی قومی اثاثہ ہے جبکہ شہداء کی قربانیاں مادر وطن سے بے لوث محبت کی علامت ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ قوم کے بہادر سپوت ملکی دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے سے کبھی دریغ نہیں کرتے، دفاع وطن کا غیرمتزلزل عزم ہماری قومی روح کا حصہ ہے۔ میجر عزیز بھٹی شہید کی شجاعت اور قربانی نوجوان نسل کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ شہید کے درجات بلند فرمائے۔

مزید خبریں

Back to top button