میجر عزیز بھٹی شہید کی 61ویں یومِ شہادت پر پاک فوج کا شاندار خراجِ عقیدت

راولپنڈی(جانوڈاٹ پی کے) 1965ء کی جنگ کے ہیرو میجر راجہ عزیز بھٹی شہید نشانِ حیدر کی 61ویں یومِ شہادت پر پاک فوج کے افسران اور جوانوں نے ان کی بے مثال بہادری، قیادت اور عظیم قربانی کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز، ایڈمرل نوید اشرف، چیف آف نیول اسٹاف، ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو، چیف آف ایئر اسٹاف اور جنرل سید عامر رضا، کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ نے پاک فوج کی جانب سے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
آئی ایس پی آر کے بیان میں کہا گیا ہے کہ 1965ء کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کا غیر معمولی بہادری سے دفاع کیا اور دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود 5 دن اور 5 راتیں اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہے۔
بیان کے مطابق ان کی ثابت قدم قیادت اور ناقابلِ تسخیر جذبے نے دشمن کی پیش قدمی روک دی، جبکہ ان کی بہادری، فرض شناسی اور قربانی انہیں وطن کے دفاع کی لازوال علامت بناتی ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا کہ میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض سے بے لوث وابستگی، غیر متزلزل بہادری اور عظیم قربانی آنے والی نسلوں کے لیے ہمیشہ باعثِ تحریک رہے گی۔ ان کی میراث آج بھی قوم اور پاکستان کے محافظوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
پاک فوج کے ترجمان ادارے کے مطابق اس موقع پر اس عزم کا اعادہ بھی کیا گیا کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے اسی بہادری، عزم اور جذبۂ قربانی کے ساتھ فرض ادا کیا جائے گا جس کی روشن مثال میجر عزیز بھٹی شہید نے قائم کی۔



