اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں طوفانی بارش، نشیبی علاقے زیرِ آب، 17 ستمبر تک مزید بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی دارالحکومت میں گرج چمک کے ساتھ طوفانی بارش سے نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جبکہ مختلف سیکٹرز میں بجلی کی آنکھ مچولی کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
تیز آندھی کے باعث سپورٹس کمپلیکس میں کنسرٹ کا اسٹیج گر گیا، جبکہ ایف ٹین میں درخت گرنے سے متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔ ہری پور اور پنیاں میں بھی تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی، جہاں درخت گرنے سے دو افراد زخمی ہوگئے جبکہ سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا۔
پشاور میں بارش کے بعد شدید گرمی کا زور ٹوٹ گیا، جبکہ بٹ خیلہ میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش سے ندی نالوں میں طغیانی آگئی اور بجلی کا ترسیلی نظام متاثر ہوا۔
صوابی میں بھی موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے، جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
محکمہ موسمیات نے 17 ستمبر تک ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں بارش کا امکان ہے، جبکہ سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کی توقع ہے۔



