پاکستان اور آئی ایم ایف میں بڑا ٹاکرا،23ستمبر سے اہم مذاکرات شروع ہونے کاامکان

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) پاکستان اور عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کے درمیان اہم اور فیصلہ کن مذاکرات 23 ستمبر سے شروع ہونے کا امکان ہے، جن میں ملکی معیشت کے لیے اربوں ڈالر کے پروگرامز کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان 7 ارب ڈالر سے زائد کے توسیعی فنڈ فیسلیٹی (ای ایف ایف) پروگرام کے چوتھے جائزے پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔ مذاکرات کے دوران معاشی اہداف، اصلاحات اور پروگرام پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسی دوران 1 ارب 40 کروڑ ڈالر کے ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلٹی فیسلیٹی (آر ایس ایف) پروگرام کے تیسرے جائزے پر بھی مذاکرات ہوں گے۔

اہم پیش رفت یہ ہے کہ دونوں پروگرامز کے جائزوں کے لیے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان بیک وقت مذاکرات کیے جائیں گے، جس کے دوران مختلف معاشی شعبوں کی کارکردگی اور پروگرام کی شرائط پر تفصیلی تبادلہ خیال متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق مذاکرات میں جنوری سے جون 2026 تک گزشتہ مالی سال کی دوسری ششماہی کے دوران پاکستان کی معاشی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ اس دوران مالیاتی اہداف، محصولات، اخراجات، زرمبادلہ اور دیگر اہم معاشی اشاریوں پر بات چیت ہوگی۔

پاکستان اور آئی ایم ایف حکام دونوں پروگرامز کے تحت اب تک ہونے والی پیش رفت کا بھی جائزہ لیں گے اور آئندہ کے معاشی اہداف اور اصلاحات کے حوالے سے اہم معاملات زیر بحث آئیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button