ایران جنگ مڈٹرم انتخابات کے فوراً بعد ختم ہوجائے گی،ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

واشنگٹن (جانو ڈاٹ پی کے) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران جنگ مڈٹرم انتخابات کے فوری بعد ختم ہوجائے گی، تاہم ممکن ہے کہ جنگ اس سے پہلے ہی اختتام پذیر ہوجائے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ مکمل کارروائی انتخابات کی وجہ سے نہیں کررہے۔
ایک انٹرویو میں ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ آبنائے ہرمز پر ایران کا نہیں بلکہ امریکا کا کنٹرول ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔
امریکی صدر نے ڈیموکریٹس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی حکومت ہوتی تو ڈیموکریٹس ایران کو جوہری ہتھیار رکھنے کی اجازت دے دیتے۔
ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ امریکا نے ایران کی جوہری صلاحیتوں کا خاتمہ کردیا ہے۔ ان کے بقول اگر تہران کے پاس جوہری ہتھیار ہوتا تو وہ اسے استعمال کرتا، جبکہ ایران کے جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی صورت میں اسرائیل اور مشرق وسطیٰ تباہ ہوسکتے تھے۔
امریکی صدر نے ایران کے خلاف کارروائی پر کسی قسم کے پچھتاوے کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ایران کے معاملے پر کوئی افسوس نہیں۔
ٹرمپ کے مطابق ایران کی میزائل صلاحیت کا بڑا حصہ تباہ کردیا گیا ہے، تاہم ایرانی فورسز اب بھی کچھ میزائل داغنے کی صلاحیت رکھتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایرانی فورسز شدید مشکلات کے باوجود لڑائی جاری رکھے ہوئے ہیں اور دعویٰ کیا کہ ایرانی انہیں ’’راستے سے ہٹانا‘‘ چاہتے ہیں۔
ٹرمپ کے ان بیانات کے بعد ایران جنگ کے مستقبل، آبنائے ہرمز کی صورتحال اور خطے میں جاری کشیدگی کے حوالے سے عالمی سطح پر مزید توجہ مرکوز ہوگئی ہے۔



