رائس ملز ایسوسی ایشن ماتلی کی مبینہ آڈیو پر وضاحت، آبادگاروں سے معذرت

ماتلی (رپورٹ: اے۔ایم۔گدی/جانو ڈاٹ پی کے) رائس ملز ایسوسی ایشن ماتلی کے عہدیداران نے رائس مل مالک اور سابق چیئرمین میونسپل کمیٹی ماتلی عبدالرؤف نظامانی سے منسوب زیرِ گردش مبینہ آڈیو پر وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گفتگو کا مقصد کسی آبادگار یا کسی طبقے کی دل آزاری نہیں تھا بلکہ رائس مل مالکان کو ایسوسی ایشن کے فیصلوں پر متحد اور کاربند رہنے کا پیغام دینا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی آبادگار کی دل آزاری ہوئی ہے تو وہ اس پر معذرت خواہ ہیں۔
ماتلی پریس کلب میں رائس ملز مالکان ایسوسی ایشن کے صدر فاروق احمد چھیپہ، سیٹھ سمن داس وِدھانی، حاجی یوسف کشمیری، ڈاکٹر چیتن داس، بھگوان داس کوہستانی اور دیگر عہدیداران کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرؤف نظامانی نے اپنی گفتگو کے حوالے سے وضاحت پیش کی۔
عبدالرؤف نظامانی کا کہنا تھا کہ ان کی گفتگو کا مقصد آبادگاروں کو ہدف بنانا نہیں تھا بلکہ رائس مل مالکان کے درمیان اتحاد برقرار رکھنا اور ایسوسی ایشن کے باہمی فیصلوں کی پاسداری یقینی بنانا تھا۔
ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے کہا کہ آبادگار اور رائس مل مالکان ایک دوسرے کے کاروباری مفادات سے گہری طرح وابستہ ہیں اور دونوں کے درمیان دیرینہ کاروباری تعلق قائم ہے، اس لیے کسی ایک واقعے یا گفتگو کو باہمی اختلافات کا سبب نہیں بننا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر مبینہ آڈیو اور ویڈیو کے بعض حصے گردش کرنے کے بعد آبادگاروں کی جانب سے اعتراضات سامنے آئے، تاہم رائس ملز ایسوسی ایشن آبادگاروں کے تحفظات کو اہمیت دیتی ہے اور کسی بھی فریق کے درمیان غلط فہمی پیدا نہیں ہونے دینا چاہتی۔
ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے دعویٰ کیا کہ بعض عناصر نے مبینہ آڈیو اور ویڈیو کو سوشل میڈیا پر وائرل کرکے عبدالرؤف نظامانی کی سیاسی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی، تاہم ان کے مطابق معاملے کو مزید ہوا دینے کے بجائے باہمی مفاہمت اور افہام و تفہیم سے حل کرنے کی ضرورت ہے۔
رائس ملز ایسوسی ایشن نے واضح کیا کہ دھان کی فصل کی خریداری کے موقع پر رائس ملز مالکان آبادگاروں کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھیں گے اور خریداری کے معاملات آبادگاروں کے جائز مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے طے کیے جائیں گے۔
عہدیداران نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی اعتماد اور تعاون کے ذریعے آبادگاروں اور رائس مل مالکان کے درمیان دیرینہ تعلق مزید مضبوط ہوگا۔



