طالبہ نے سونا چُرا کر بوائے فرینڈ کو بائیک دلائی، تحفہ ملتے ہی لڑکا فرار

کوئمبتور(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں محبت کا ایک انوکھا واقعہ سامنے آیا ہے جہاں 19 سالہ کالج طالبہ پر الزام ہے کہ اس نے بوائے فرینڈ کیلئے مہنگی موٹر سائیکل خریدنے کی خاطر دوست کے گھر سے سونے کے زیورات چوری کیے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ ریاست تامل ناڈو کے شہر کوئمبتور میں پیش آیا۔ بی کام کی طالبہ آر جوائے پرنسی اپنی دوست کے گھر گئی، جہاں پولیس کے مطابق اس نے مبینہ طور پر 9 سوورن سونے کے زیورات چوری کیے۔
پولیس کے مطابق طالبہ نے چوری کیے گئے زیورات فروخت کیے اور حاصل ہونے والی تقریباً ڈھائی لاکھ بھارتی روپے کی رقم سے اپنے بوائے فرینڈ کیلئے موٹر سائیکل خریدی۔
زیورات چوری ہونے کا علم ہونے پر دوست کے والد نے پولیس سے رابطہ کیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ تفتیش کے دوران طالبہ نے زیورات چوری کرنے، انہیں فروخت کرنے اور حاصل شدہ رقم سے موٹر سائیکل خریدنے کا اعتراف کیا۔
واقعے میں دلچسپ موڑ اس وقت آیا جب بوائے فرینڈ موٹر سائیکل کا تحفہ ملنے کے بعد مبینہ طور پر فرار ہوگیا۔ پولیس اب اس کی تلاش کر رہی ہے جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔



