فوڈ اتھارٹی کاغذی کارروائی نہیں، فیلڈ میں ایکشن دکھائے، وزیراعظم آزادکشمیر

مظفرآباد (جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم آزادکشمیر افتخار گیلانی نے فوڈ اتھارٹی کو کاغذی کارروائی کے بجائے عملی اقدامات کے ذریعے مکمل طور پر فعال بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازاروں، دکانوں، ہوٹلوں، ریسٹورنٹس، بیکریوں، دودھ اور دیگر اشیائے خورونوش کے مراکز کی باقاعدگی سے مؤثر چیکنگ یقینی بنائی جائے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھلواڑ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ ملاوٹ، ناقص و مضر صحت اشیاء کی فروخت اور حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

محکمہ خوراک کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے افتخار گیلانی نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کا وجود صرف فائلوں اور کاغذی کارروائی تک محدود نہیں ہونا چاہیے بلکہ اس کی کارکردگی، ایکشن اور نتائج فیلڈ میں واضح طور پر نظر آنے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو ایسی فعال اور متحرک فوڈ اتھارٹی چاہیے جو عوام کو معیاری، محفوظ اور صحت بخش خوراک کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے عملی طور پر کام کرے۔

اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فوڈ اتھارٹی عبدالحمید کیانی نے وزیراعظم کو محکمہ خوراک اور فوڈ اتھارٹی کی کارکردگی، موجودہ نظام، چیکنگ کے طریقہ کار، فیلڈ مانیٹرنگ اور مستقبل کے لائحہ عمل کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراعظم نے ہدایت کی کہ فوڈ اتھارٹی کا چیکنگ اور مانیٹرنگ نظام محض رسمی کارروائی نہ بنے، بلکہ بازاروں اور تجارتی مراکز میں باقاعدہ اور مؤثر معائنوں کا نظام قائم کیا جائے۔ خلاف ورزی سامنے آنے کی صورت میں قانون کے مطابق فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے تاہم حکام کو ہدایت کی کہ تمام کارروائیاں قانون اور ضابطے کے مطابق کی جائیں اور کسی تاجر، دکاندار یا کاروباری شخص کے ساتھ بلاجواز زیادتی نہ ہو۔

افتخار گیلانی نے کہا کہ آزادکشمیر میں فوڈ سیفٹی کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے پنجاب فوڈ اتھارٹی کے تجربات اور فنی معاونت سے استفادہ کیا جائے۔ فوڈ اتھارٹی کی استعدادِ کار بڑھانے، جدید چیکنگ سہولیات فراہم کرنے اور فیلڈ مانیٹرنگ کا نظام مضبوط بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعظم آزادکشمیر نے مزید کہا کہ عوام کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا اور حکومت محفوظ، معیاری اور صحت بخش اشیائے خورونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن اقدام کرے گی۔

اجلاس میں پرنسپل سیکرٹری سردار عدنان خورشید، سیکرٹری خوراک شاہد ایوب اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button