حوثیوں کے حملوں سے سعودی عرب میں ہلچل، پاکستان کا بڑا اعلان سامنے آگیا

اسلام آباد (جانو ڈاٹ پی کے) سعودی عرب کے مختلف شہروں پر یمنی حوثی گروپ انصاراللہ کے حملوں نے خطے میں ایک بار پھر تشویش کی لہر دوڑا دی، حملوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا جبکہ 73 افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

رپورٹس کے مطابق حوثیوں کی جانب سے سعودی شہروں ابہا، خمیس مشیط، نجران اور جازان میں حملے کیے گئے، جن کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہوئے۔ حملوں میں شہری اور اقتصادی تنصیبات کو بھی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

واقعے پر وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے شدید مذمت کا اظہار کرتے ہوئے سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس نوعیت کے حملے نہ صرف بے گناہ انسانی جانوں کے لیے خطرہ ہیں بلکہ علاقائی امن اور سلامتی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔

وزیراعظم نے خادمِ حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان اور برادر سعودی عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، سلامتی اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنی مستقل حمایت جاری رکھے گا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے حملوں میں زخمی ہونے والے تمام افراد کی جلد اور مکمل صحت یابی کے لیے دعا بھی کی۔

سعودی شہروں پر ہونے والے ان حملوں نے ایک مرتبہ پھر مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتے ہوئے سکیورٹی خدشات اور علاقائی کشیدگی پر عالمی توجہ مرکوز کردی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button