ملائیشیا میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر تباہ، طبی عملے سمیت 5 افراد سوار تھے

کوالالمپور (جانو ڈاٹ پی کے) ملائیشیا کی ریاست سراواک میں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، حادثے کے وقت ہیلی کاپٹر میں طبی عملے سمیت 5 افراد سوار تھے۔
برطانوی خبر ایجنسی کے مطابق حادثہ جزیرہ بورنیو کے قریب واقع ریاست سراواک میں ایک ہوائی اڈے کے نزدیک پیش آیا، جہاں فلائنگ ڈاکٹر سروس کا ہیلی کاپٹر نامعلوم وجوہات کے باعث حادثے کا شکار ہوا۔
ملائیشین حکام نے تاحال حادثے میں کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں کی، جبکہ حادثے کے بعد فائر بریگیڈ اور طبی اداروں کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر تلاش اور ریسکیو آپریشن شروع کردیا ہے۔
ملائیشیا کے وزیر صحت ذوالکفلی احمد نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق ہیلی کاپٹر میں ایک پائلٹ اور وزارت صحت کے ملازمین سوار تھے۔ طبی عملے میں ایک میڈیکل افسر، ایک اسسٹنٹ میڈیکل افسر اور نرسیں شامل تھیں۔
وزیر صحت کے مطابق تاحال ہیلی کاپٹر میں سوار عملے اور مسافروں کی حتمی حالت کے بارے میں معلومات سامنے نہیں آسکیں اور حادثے کی وجہ بھی معلوم نہیں ہوسکی۔
حکام کا کہنا ہے کہ امدادی اداروں کی جانب سے تلاش اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات بھی کی جائیں گی۔
حادثے کے باعث مقامی سطح پر تشویش پھیل گئی ہے اور حکام کی جانب سے مزید معلومات ریسکیو کارروائی مکمل ہونے کے بعد فراہم کیے جانے کا امکان ہے۔



