میر رضا قتل کیس میں بڑا موڑ، پولیس نے عبوری چالان عدالت میں جمع کرا دیا

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے) میر رضا قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آگئی، پولیس نے کیس کا عبوری چالان سٹی کورٹ میں جمع کرا دیا۔ ڈی ایس پی سراج لاشاری نے عبوری چالان عدالت میں پیش کیا، جس میں تاحال کسی ملزم کا نام شامل نہیں کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے جمع کرائے گئے عبوری چالان میں ان افراد کے نام بھی شامل نہیں کیے گئے جنہوں نے کیس میں ضمانت حاصل کر رکھی ہے۔ چالان کے مطابق تفتیش تاحال جاری ہے اور پولیس کی جانب سے واقعے میں ملوث ملزمان کی تلاش کی جا رہی ہے۔
پولیس نے عبوری چالان میں متعدد گواہوں کے بیانات اور نام شامل کیے ہیں۔ چالان کے مطابق گواہوں میں مریم، علیشبا، سلویٰ خان، احسان اللہ، محمد میسم عرف ایشو، عبدالرزاق، شہریار علی، کاظم حسین، محمد احمد اور عبداللہ سمیت مجموعی طور پر 19 افراد شامل ہیں۔
عبوری چالان میں بتایا گیا ہے کہ واقعے سے متعلق سی سی ٹی وی فوٹیجز حاصل کرلی گئی ہیں اور ان کی بنیاد پر مزید تفتیش جاری ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کی تلاش کا عمل بھی جاری ہے۔
چالان کے مطابق میر رضا کی کمپنی کے بینک اکاؤنٹ کی گزشتہ تین ماہ کی ٹرانزیکشنز کی تفصیلات حاصل کرنے کے لیے متعلقہ اداروں کو خطوط بھی ارسال کیے گئے ہیں۔
پولیس نے مزید بتایا کہ مقتول کی قبرکشائی بھی کی گئی، جس کے بعد دوبارہ پوسٹ مارٹم رپورٹ تیار کی گئی۔ اس کے علاوہ ڈی این اے رپورٹ بھی عبوری چالان کے ساتھ منسلک کردی گئی ہے۔
پولیس نے عدالت سے استدعا کی ہے کہ تفتیش مکمل کرنے کے لیے مزید مہلت دی جائے۔ کیس میں مزید شواہد، مالی ریکارڈ اور فرانزک رپورٹس کی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھائے جانے کا امکان ہے۔
عبوری چالان میں کسی ملزم کو نامزد نہ کیے جانے کے باعث کیس کی تفتیش اور آئندہ قانونی پیش رفت پر نظریں مرکوز ہوگئی ہیں۔



