آبنائے ہرمز میں عمان سے بحری آمدورفت کے نقشوں پر اتفاق ہوگیا، محسن رضائی

تہران(ویب ڈیسک) ایرانی سپریم نیشنل سکیورٹی کونسل کے سیکرٹری محسن رضائی نے دعویٰ کیا ہے کہ آبنائے ہرمز میں بحری جہازوں کی آمدورفت کے نقشوں پر ایران اور عمان کے درمیان اتفاق ہوگیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق محسن رضائی نے کہا کہ ایران اور عمان کے درمیان معاہدے پر دستخط آئندہ چند روز میں ہوں گے، جبکہ آبنائے ہرمز سے باہر پابندی والے زون کا بھی جلد اعلان کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ایران آبنائے ہرمز کے باہر نیا محدود زون قائم کرے گا جو امریکی بحریہ کی ناکہ بندی لائن سے خلیج فارس کے بعض حصوں تک پھیلا ہوگا۔ ان کے مطابق نئے محدود زون میں داخل ہونے والے بحری جہاز پابندیوں کی فہرست میں شامل کیے جائیں گے۔
محسن رضائی نے دعویٰ کیا کہ آبنائے ہرمز مکمل طور پر بند اور ایرانی مسلح افواج کے کنٹرول میں ہے اور امریکی صدر ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کھلا ہونے کا دعویٰ ’’بڑا جھوٹ‘‘ ہے۔
انہوں نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی بندش سے قبل روزانہ 100 سے زائد بحری جہاز گزرتے تھے، تاہم اب صرف 7 سے 8 بحری جہاز ضروری اشیا لے کر گزر رہے ہیں۔ ان کے بقول امریکا بھاری اخراجات کے عوض 5 سے 6 بحری جہاز آبنائے ہرمز سے گزار رہا ہے۔
محسن رضائی نے واضح کیا کہ ایران نے تیل بردار جہازوں کو ڈبونے کا فیصلہ نہیں کیا۔
ایرانی عہدیدار نے مزید دعویٰ کیا کہ ایران نیا اینٹی شپ میزائل کامیابی سے آزما چکا ہے، جس کا تجربہ 48 گھنٹے قبل امریکی بحریہ کے جنگی جہاز پر کیا گیا۔ ان کے مطابق خصوصی میزائل حملے کے بعد امریکی جنگی جہاز علاقے سے فرار ہوگیا۔



