شمالی کوریا کا نیا جنگی بحری جہاز جوہری جوابی کارروائی کا حصہ ہوگا، کم جونگ ان

وونسان(ویب ڈیسک) شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا ہے کہ ملک کا نیا جنگی بحری جہاز جوہری جوابی کارروائی کے نظام کا حصہ ہوگا اور دشمن کے خلاف تباہ کن جوابی حملے کرنے کی صلاحیت رکھے گا۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ ان نے مشرقی ساحلی شہر وونسان میں نئے ڈسٹرائر کی بحری بیڑے میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مشرقی سمندر میں نئے جنگی جہاز کی تعیناتی مخالفین کے لیے واضح پیغام ہے۔
کم جونگ ان کا کہنا تھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ شمالی کوریا سمندر اور زیرِ آب اپنی خودمختاری کا عملی مظاہرہ کرے۔
شمالی کوریا کے مطابق 5 ہزار ٹن وزنی ’’کانگ کون‘‘ ڈسٹرائر اس نوعیت کا بحری بیڑے میں شامل ہونے والا دوسرا جنگی جہاز ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے تین ماہ قبل ’’چوئے ہون‘‘ ڈسٹرائر کو شمالی کوریا کے مغربی ساحل پر بحری بیڑے میں شامل کیا گیا تھا۔



