پی ٹی آئی کو کراچی آنے کی کھلی دعوت، مگر سخت شرط! مرتضیٰ وہاب کا دوٹوک اعلان

کراچی (جانو ڈاٹ پی کے): کراچی میں سیاسی سرگرمیوں کے حوالے سے میئر کراچی مرتضیٰ وہاب کا بڑا بیان سامنے آگیا، انہوں نے پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو کراچی آنے کی دعوت دیتے ہوئے واضح کردیا کہ پاکستان کے خلاف کوئی بات برداشت نہیں کی جائے گی۔

گزری میں کمیونٹی سینٹر کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ’’پی ٹی آئی کے دوست کراچی آنا چاہتے ہیں تو آجائیں، لیکن ایک بات یاد رکھیں کہ پاکستان کے خلاف کوئی بات نہیں ہوگی۔‘‘

میئر کراچی نے کہا کہ انہیں پی ٹی آئی کے لوگوں سے کوئی اختلاف نہیں۔ ان کے مطابق جب بھی کوئی جلسہ یا بڑا مجمع ہوتا ہے تو انتظامیہ سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے لیے اقدامات کرتی ہے، حتیٰ کہ پیپلزپارٹی کا جلسہ ہو تو بھی کنٹینرز لگائے جاتے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب نے شہر میں بنیادی سہولتوں کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کمیونٹی سینٹرز بھی بنیادی سہولتوں کا حصہ ہیں۔ ان کے مطابق صاحبِ حیثیت افراد اپنے پروگرام بڑے لانز میں منعقد کرلیتے ہیں، مگر عام آدمی کے لیے ایسی سہولتیں محدود ہوتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شہریوں کے لیے مزید کمیونٹی سینٹرز بنانے پر بڑے پیمانے پر کام کیا جا رہا ہے اور کراچی میں عوام کو مزید سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔

میئر کراچی نے دعویٰ کیا کہ کراچی اس وقت پاکستان کا واحد بڑا شہر ہے جہاں بلدیاتی حکومت فعال ہے۔ انہوں نے ماضی کی شہری انتظامیہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں نے شہر کا ’’بیڑا غرق‘‘ کیا، وہی آج کراچی کے لیے الگ انتظامی یونٹ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔

مرتضیٰ وہاب کے بیان کے بعد کراچی میں پی ٹی آئی کی ممکنہ سیاسی سرگرمیوں، شہر کی انتظامی حیثیت اور نئے انتظامی یونٹ کے مطالبے پر سیاسی بحث مزید گرم ہونے کا امکان ہے۔

مزید خبریں

Back to top button