بنوں میں فائرنگ کا ہولناک واقعہ،2سگے بھائی جاں بحق، علاقے میں خوف و ہراس

بنوں (جانو ڈاٹ پی کے)بنوں میں نامعلوم افراد کی فائرنگ نے دو خاندانوں کو سوگ میں مبتلا کردیا، تحصیل بکاخیل کے علاقے سردی خیل اڈا کے قریب مسلح افراد کی فائرنگ سے دو سگے بھائی جاں بحق ہوگئے۔
پولیس کے مطابق فائرنگ کا واقعہ سردی خیل اڈا کے قریب پیش آیا، جہاں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ گولیاں لگنے سے رسول محمد اور حفیظ اللہ، ساکنان سردی خیل بنوں، موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور دونوں بھائیوں کی لاشوں کو ضروری کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال بنوں منتقل کردیا۔
پولیس نے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فائرنگ کے محرکات اور ملزمان سے متعلق معلومات اکٹھی کی جا رہی ہیں۔
دو سگے بھائیوں کے قتل کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا، جبکہ مقتولین کے اہلخانہ غم سے نڈھال ہیں۔



