بلوچستان سے اندرونِ ملک ٹرین سروس 2 روز کے لیے معطل


کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان سے اندرونِ ملک جانے والی ٹرین سروس 2 روز کے لیے معطل کردی گئی ہے۔
ریلوے حکام کے مطابق کوئٹہ سے پشاور جانے والی جعفر ایکسپریس کی روانگی ریلوے ٹریک کی مرمت کے باعث منسوخ کی گئی ہے۔ ٹرین 5 اور 6 ستمبر کو کوئٹہ سے پشاور کے لیے روانہ نہیں ہوگی۔
حکام کے مطابق آج پشاور سے کوئٹہ آنے والی جعفر ایکسپریس کو بھی جیکب آباد تک محدود کردیا گیا ہے۔
ٹرین سروس کی معطلی اور جیکب آباد تک محدود کیے جانے کے باعث کوئٹہ آنے اور جانے والے مسافروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔
واضح رہے کہ بلوچستان سے کراچی کے لیے بولان میل جبکہ چمن کے لیے چمن پسینجر ٹرینیں پہلے ہی گزشتہ 6،6 ماہ سے بند ہیں۔