شارجہ میں سرکاری ملازمین کیلئے بڑی خوشخبری، کم از کم آمدن20ہزار درہم مقرر

شارجہ (جانو ڈاٹ پی کے) شارجہ کے حکمران شیخ ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں بڑا اضافہ کرتے ہوئے کم از کم آمدن 20 ہزار درہم ماہانہ مقرر کرنے کا اعلان کردیا۔

اعلان کے مطابق تنخواہوں میں اضافے پر عملدرآمد ستمبر سے شروع ہوگا، جس سے شارجہ حکومت کے 17 ہزار 776 سرکاری ملازمین براہِ راست مستفید ہوں گے۔

سرکاری ملازمین کے علاوہ شارجہ حکومت نے سماجی امداد حاصل کرنے والے 6 ہزار 652 خاندانوں کے لیے بھی مالی سہولت میں اضافہ کردیا ہے، جبکہ 2 ہزار 251 سرکاری ریٹائرڈ شہریوں کی کم از کم آمدن بھی بڑھا دی گئی ہے۔

حکام کے مطابق مزید 5 ہزار 300 ریٹائرڈ شہریوں کے لیے سپلیمنٹری گرانٹس میں بھی اضافہ کیا گیا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کی بنیادی اور مالی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے کم از کم آمدن کا معیار بڑھایا گیا ہے۔ مہنگائی کے موجودہ دباؤ کے پیش نظر اس اقدام کا مقصد شہریوں کو بہتر مالی سہولت فراہم کرنا ہے۔

شیخ سلطان نے اماراتی شہریوں کو غیر ضروری قرضوں سے بچنے کی ترغیب بھی دی اور مالی معاملات میں محتاط رویہ اختیار کرنے پر زور دیا۔

دوسری جانب بچوں کی بہتر پرورش اور صحت مند طرزِ زندگی کے حوالے سے بھی والدین سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ بچوں کے موبائل فونز اور دیگر ڈیجیٹل آلات کے استعمال کو محدود رکھیں۔

حکام کے مطابق بچوں کی صحت مند خوراک، بہتر پرورش اور فلاح و بہبود کے لیے بھی سرکاری سطح پر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button