ایران کا جنوبی صوبہ فارس میں گیس کے بڑے ذخائر کی دریافت کا اعلان

تہران (ویب ڈیسک) ایران نے جنوبی صوبہ فارس میں گیس کے ایک بڑے ذخیرے کی دریافت کا اعلان کردیا، جہاں مجموعی طور پر 7.5 ٹریلین مکعب فٹ سے زائد گیس موجود ہونے کا تخمینہ لگایا گیا ہے، جبکہ قابلِ بازیافت گیس کی مقدار تقریباً 5.7 ٹریلین مکعب فٹ بتائی گئی ہے۔

ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر پیٹرولیم محسن پاک نژاد نے سرکاری ٹیلی ویژن کو انٹرویو میں بتایا کہ نئے دریافت ہونے والے گیس فیلڈ تخت اے میں موجود قابلِ بازیافت گیس جنوبی پارس گیس فیلڈ کے پہلے مرحلے میں تقریباً 15 سال کی پیداوار کے برابر ہے۔

وزیر پیٹرولیم کے مطابق نئے ذخائر میں میٹھے قدرتی گیس کے وسیع ذخائر موجود ہیں، جس میں سلفر مرکبات کی مقدار نسبتاً کم ہوتی ہے۔ اس خصوصیت کے باعث توقع ہے کہ گیس فیلڈ کی ترقی اور آپریشن کے اخراجات بھی نسبتاً کم رہیں گے۔

محسن پاک نژاد نے بتایا کہ گیس فیلڈ میں گیس کنڈینسیٹ کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں۔ یہ ایک قیمتی ہائیڈروکاربن مائع ہے جو قدرتی گیس کے ساتھ پیدا ہوتا ہے۔

ایرانی وزیر پیٹرولیم کے مطابق گیس اور گیس کنڈینسیٹ کے ذخائر کی مجموعی مالیت سیکڑوں ارب ڈالر ہے اور یہ وسائل ایران کے لیے آمدنی اور توانائی کا نیا ذریعہ ثابت ہوسکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایرانی حکومت گیس فیلڈ کی ترقی کا کام جلد از جلد آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے تاکہ نئے ذخائر سے پیداوار شروع کی جاسکے۔ پیدا ہونے والی گیس صنعتی صارفین اور زیادہ توانائی استعمال کرنے والے شعبوں کو فراہم کی جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق جنوبی صوبہ فارس میں نئے ذخائر کی دریافت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب ایران مقامی گیس کی پیداوار بڑھانے اور صنعت و توانائی کے شعبے کی بڑھتی ہوئی طلب پوری کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔

واضح رہے کہ امریکا کی جانب سے 2018 میں ایرانی توانائی کے شعبے پر دوبارہ وسیع پابندیاں عائد کیے جانے کے بعد ایران نے اپنے تیل و گیس کے شعبے کی ترقی کے لیے مقامی سرمایہ کاری اور ملکی ماہرین پر زیادہ انحصار کیا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button