گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں اجتماعی طور پر مقرر کرنا غیر قانونی قرار

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سپریم کورٹ نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتوں کے تعین سے متعلق کیس کا فیصلہ جاری کرتے ہوئے گھی مینوفیکچررز کی جانب سے اجتماعی طور پر قیمتیں مقرر کرنے کو مسابقتی قانون کی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

جسٹس جمال خان مندوخیل نے 9 صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جس میں قرار دیا گیا کہ گھی کمپنیوں کا اجتماعی طور پر قیمت مقرر کرنا غیر قانونی ہے اور ہر کمپنی کو اپنی مصنوعات کی قیمت آزادانہ طور پر طے کرنا ہوگی۔

سپریم کورٹ نے قرار دیا کہ قیمتوں میں کمی بذاتِ خود مسابقتی قانون کی خلاف ورزی نہیں، تاہم اجتماعی طور پر قیمت مقرر کرنا مسابقت کو محدود کرتا ہے۔ صارفین کو کم قیمتوں کا فائدہ ملنے کے باوجود کمپنیوں کی جانب سے اجتماعی قیمت مقرر کرنے کی خلاف ورزی برقرار رہتی ہے۔

عدالت کے مطابق حکومت نے گھی اور کوکنگ آئل کی قیمتیں کم کرنے کے لیے صنعتوں سے مذاکرات کیے تھے اور حکومت کی جانب سے قیمتیں کم کرانے کی نیت پر کوئی اعتراض نہیں، تاہم مسابقتی کمیشن کو بائی پاس کرکے ایسوسی ایشن سے رابطہ کرنا درست نہیں تھا۔

فیصلے میں کہا گیا کہ کسی ایسوسی ایشن کی سفارش اگر کمپنیوں کے آزادانہ تجارتی فیصلوں کو متاثر کرے تو اسے بھی فیصلہ تصور کیا جاسکتا ہے، جبکہ عوامی مفاد میں قیمت کم کرنے کا مقصد اجتماعی قیمت مقرر کرنے کو قانونی جواز فراہم نہیں کرتا۔

سپریم کورٹ نے مسابقتی کمیشن اور ٹربیونل کا بنیادی فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے گھی کمپنیوں پر عائد جرمانہ 5 کروڑ روپے سے کم کرکے 3 کروڑ روپے کردیا۔

عدالت نے واضح کیا کہ مسئلہ قیمت کم ہونا نہیں بلکہ قیمت کا اجتماعی طور پر طے کیا جانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button