عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق توہین عدالت کی درخواست اعتراض لگا کر واپس کردی گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) بانی پی ٹی آئی عمران خان کی اسپتال منتقلی کے معاملے پر ان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے دائر توہین عدالت کی درخواست سپریم کورٹ رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کرکے واپس کردی۔

ذرائع کے مطابق درخواست کے ساتھ توہین عدالت کے الزام کا سامنا کرنے والے فریقین کے خلاف الزامات کی فہرست فراہم نہیں کی گئی، جس پر رجسٹرار آفس نے اعتراض عائد کیا۔

سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے کہا کہ سپریم کورٹ کے 18 اگست کے فیصلے پر عملدرآمد نہیں ہوا، اسی لیے توہین عدالت کی درخواست جلد سماعت کے لیے دائر کی گئی تھی۔

بیرسٹر گوہر کے مطابق عوامی سہولت مرکز پر ان کی رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات ہوئی، جہاں انہیں بتایا گیا کہ درخواست پر اعتراض عائد کیا گیا ہے اور فائل واپس کردی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اعتراض دور کرکے توہین عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کریں گے اور چاہتے ہیں کہ متعلقہ بینچ آج ہی تشکیل دیا جائے تاکہ جمعرات کو درخواست کی سماعت ہوسکے۔

بیرسٹر گوہر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت انتہائی اہم ہے اور ان کی فیملی ممبران کو عمران خان سے ملاقات کی اجازت دی جائے، پی ٹی آئی اپنی جانب سے کیا گیا وعدہ پورا کرچکی ہے۔

عمران خان کی بہن عظمیٰ خان نے حکومت کے خلاف دائر درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا تھا۔

درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کی استدعا کی گئی تھی۔

مزید خبریں

Back to top button