ڈیرہ بگٹی میں چیئرمین ضلع کونسل کے گھر پر حملہ، 13 دہشت گرد ہلاک، امن فورس کا ایک جوان شہید

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع ڈیرہ بگٹی میں چیئرمین ضلع کونسل وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر پر مبینہ دہشت گرد حملے کے بعد بگٹی امن فورس اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں قبائلی ذرائع کے مطابق 13 دہشت گرد مارے گئے۔

قبائلی ذرائع کے مطابق واقعہ نارتھ ڈیرہ بگٹی کے علاقے بیکڑ میں پیش آیا، جہاں دہشت گردوں نے چیئرمین ضلع کونسل ڈیرہ بگٹی وڈیرہ غلام نبی شمبھانی کے گھر کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وڈیرہ ہدایت شمبھانی کی نگرانی میں بگٹی امن فورس نے حملہ آوروں کا مقابلہ کیا۔ شہید فضل خان سب ڈویژن میں گزشتہ شب شروع ہونے والی فائرنگ کا سلسلہ رات بھر جاری رہا۔

قبائلی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے جائے وقوعہ سے فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم امن فورس نے ان کا تعاقب کیا، جس کے نتیجے میں 13 دہشت گرد مارے گئے۔

دہشت گردوں کی فائرنگ سے بگٹی امن فورس کا ایک جوان شہید جبکہ 3 زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔

قبائلی ذرائع کے مطابق بگٹی امن فورس کی بروقت کارروائی کے باعث دہشت گردوں کی جانب سے مبینہ طور پر کیا جانے والا بڑا حملہ ناکام بنا دیا گیا۔ واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button