پاک بحریہ کا بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات آپریشن، 750 ملین ڈالرز کی منشیات ضبط

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) پاک بحریہ نے بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کی بڑی کارروائی کرتے ہوئے 2 ہزار 800 کلوگرام سے زائد منشیات قبضے میں لے لیں، ضبط شدہ منشیات کی عالمی منڈی میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالرز بتائی گئی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی پاک بحریہ کے جہازوں پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک نے میری ٹائم سکیورٹی آپریشنز کے تحت کی۔ آپریشن کے دوران ایک مشکوک ماہی گیر کشتی کو روک کر تلاشی لی گئی، جس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئیں۔
ترجمان کے مطابق ضبط کی گئی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 750 ملین امریکی ڈالرز ہے، جو بحیرہ عرب میں انسدادِ منشیات کے حوالے سے پاک بحریہ کی ایک اہم کارروائی ہے۔
کامیاب آپریشن پر سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل نوید اشرف نے پی این ایس حنین اور پی این ایس یرموک کے افسران و جوانوں کو سراہا۔
پاک بحریہ کے مطابق سمندر میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام اور قومی بحری مفادات کے تحفظ کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی، جبکہ پاکستان عالمی میری ٹائم سکیورٹی میں بھی فعال کردار ادا کر رہا ہے۔



