عمر قید کے قیدی بھارتی گینگسٹر کو شادی کیلئے 12 گھنٹے کی رہائی مل گئی

ہریانہ (ویب ڈیسک) بھارت میں عمر قید کی سزا کاٹنے والے گینگسٹر مین پال ڈھلہ کو اپنی کمبوڈیائی پارٹنر میٹا چان سے شادی کے لیے 12 گھنٹے کی کسٹڈی پیرول دے دی گئی۔

رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست ہریانہ سے تعلق رکھنے والے مین پال ڈھلہ کو صبح 8 بجے سے شام 8 بجے تک جیل سے باہر رہنے کی اجازت دی گئی۔ شادی کی تقریب جیل کے قریب واقع ایک فارم ہاؤس میں ہوئی، جہاں اسے سخت پولیس نگرانی میں رکھا گیا۔

شادی کی تقریب مکمل ہونے کے بعد مین پال ڈھلہ کو پولیس کی نگرانی میں دوبارہ حصار جیل منتقل کردیا گیا۔

مین پال ڈھلہ کو مجموعی طور پر 22 مقدمات کا سامنا ہے، جن میں قتل کے الزامات بھی شامل ہیں۔ اسے 2007 اور 2010 میں درج تین مقدمات میں سزا سنائے جانے کے بعد حصار جیل میں عمر قید کاٹ رہا ہے۔ اس پر دورانِ قید ایک شخص کو قتل کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا تھا۔

رپورٹس کے مطابق مین پال ڈھلہ کو جولائی 2018 میں حصار سینٹرل جیل سے 6 ہفتوں کی پیرول ملی تھی، تاہم پیرول کی مدت ختم ہونے سے قبل ہی وہ مبینہ طور پر فرار ہوگیا تھا۔

اگست 2018 میں اس نے مبینہ طور پر سونو کمار کے نام سے جعلی شناخت استعمال کی اور بھارت سے فرار ہوکر کمبوڈیا پہنچ گیا، جہاں اس نے شناخت تبدیل کرنے کے بعد کاروبار شروع کرلیا۔

پولیس نے مین پال ڈھلہ کی گرفتاری اور بھارت واپسی کے لیے مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) سے بھی مدد طلب کی۔ پولیس کی درخواست پر نومبر 2024 میں سی بی آئی نے اس کے خلاف انٹرپول ریڈ نوٹس حاصل کیا اور تھائی لینڈ و کمبوڈیا کے حکام سے رابطہ کیا۔

کئی سال تک فرار رہنے کے بعد مین پال ڈھلہ کو گزشتہ سال کمبوڈیا سے بھارت واپس لایا گیا، جہاں اسے دوبارہ قانونی کارروائی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید خبریں

Back to top button