دکی میں تعمیراتی کیمپ پر حملہ، 18 مزدور اغوا، گارڈ شہید، ایک زخمی

کوئٹہ(جانوڈاٹ پی کے) بلوچستان کے ضلع دکی میں سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ پر مسلح افراد کے حملے میں ایک سکیورٹی گارڈ جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا، جبکہ 18 تعمیراتی مزدوروں کے اغوا کیے جانے کی اطلاع ہے۔

ذرائع کے مطابق واقعہ دکی کے علاقے نانا صاحب زیارت میں پیش آیا، جہاں مبینہ طور پر دہشت گردوں نے سڑک تعمیر کرنے والی کمپنی کے کیمپ کو نشانہ بنایا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں اور سکیورٹی گارڈز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گارڈ شہید اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا۔

حملے کے بعد مسلح افراد نے کیمپ میں موجود سڑک تعمیر کرنے والے 18 مزدوروں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے، جس کا مقصد مغوی مزدوروں کی بازیابی اور حملہ آوروں کی تلاش ہے۔

ذرائع نے واقعے کو بلوچستان میں جاری تعمیراتی اور معاشی سرگرمیوں کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔

دکی کوئٹہ سے تقریباً 315 کلومیٹر شمال مشرق میں واقع ہے۔

مزید خبریں

Back to top button