آئی ایم ایف مشن کا اسٹیٹ بینک کی بریفنگ پر اطمینان، پالیسی مذاکرات کل سے شروع ہوں گے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے ساتھ چوتھے جائزے کے لیے اسٹیٹ بینک حکام کی جانب سے دی گئی بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کیا ہے، جبکہ آئی ایم ایف مشن آج کراچی سے اسلام آباد پہنچے گا۔

ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف مشن گزشتہ 3 روز سے کراچی میں موجود تھا، جہاں اس نے اسٹیٹ بینک حکام اور سندھ حکومت کے ساتھ مذاکرات کیے۔ مشن کے اسلام آباد پہنچنے کے بعد پیر سے پاکستانی معاشی ٹیم کے ساتھ پالیسی سطح کے مذاکرات شروع ہوں گے۔

وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے آئی ایم ایف مشن کو صوبائی مالی صورتحال اور وفاق کو سرپلس بجٹ فراہم کرنے سے متعلق بریفنگ دی۔ حکام نے بتایا کہ 30 جون تک سندھ کی ٹیکس آمدنی 593 ارب روپے جبکہ نان ٹیکس آمدنی دگنی ہو کر 80 ارب روپے سے تجاوز کر گئی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اسٹیٹ بینک حکام نے بھی آئی ایم ایف مشن کو ملکی معاشی کارکردگی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، جس پر مشن کی جانب سے اطمینان کا اظہار کیا گیا۔

اسٹیٹ بینک حکام نے زرمبادلہ کے ذخائر، مانیٹری پالیسی، درآمدات اور فارن ایکسچینج سے متعلق صورتحال سے آگاہ کیا اور بتایا کہ زرمبادلہ ذخائر 17 ارب ڈالر سے زائد رکھنے کا ہدف حاصل کر لیا گیا ہے۔

مذاکرات کے دوران کرنٹ اکاؤنٹ خسارے اور براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے سے متعلق امور بھی زیر بحث آئے۔

مزید خبریں

Back to top button