کیارا اڈوانی کی حمل کی خبر پر یش اور گیتو موہن داس کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو

ممبئی (ویب ڈیسک)بالی ووڈ اداکارہ کیارا اڈوانی نے انکشاف کیا ہے کہ فلم ’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس‘ کی شوٹنگ کے دوران جب انہوں نے اپنے حمل کی خبر ساتھی اداکار یش اور ہدایتکار گیتو موہن داس کو سنائی تو دونوں کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو آگئے۔
چنئی میں فلم کی پری ریلیز تقریب کے دوران کیارا اڈوانی نے بتایا کہ اپنے اہلِ خانہ کے بعد یش اور گیتو موہن داس وہ پہلے دو افراد تھے جنہیں انہوں نے اپنی حمل کی خوشخبری دی۔
اداکارہ کے مطابق خبر سنتے ہی دونوں نے فلم کی شوٹنگ یا دیگر مشکلات کے بجائے سب سے پہلے خوشی کا اظہار کیا اور انہیں مبارکباد دی۔
کیارا نے بتایا کہ یش اور گیتو کی آنکھوں میں خوشی کے آنسو تھے اور انہوں نے انہیں حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ اب وہ سیٹ پر آرام سے رہیں اور جو دل چاہے کھائیں، ساتھ ہی فلم بھی بہترین انداز میں مکمل کریں گے۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ دونوں کا یہ ردعمل دیکھ کر وہ خود بھی انتہائی جذباتی ہوگئی تھیں اور انہیں ملنے والی حمایت کو کبھی فراموش نہیں کریں گی۔
واضح رہے کہ فلم میں کیارا اڈوانی نادیہ کا کردار ادا کر رہی ہیں جبکہ ’ٹاکسک: اے فیری ٹیل فار گرون اپس‘ 26 اگست کو ریلیز کی جا رہی ہے۔



