فیلڈ مارشل عاصم منیرکاامن کیلئےبڑا پیغام،ایرانی وزیر داخلہ سے اہم ملاقات،خطے میں کشیدگی کم کرنے پرزور

تہران(جانوڈاٹ  پی کے)چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کے ہمراہ ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی سے اہم ملاقات کی، جس میں خطے کی بگڑتی صورتحال، باہمی تعاون اور امن و استحکام کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی نے خطے کے امن و سلامتی سے متعلق خدشات بڑھا دیے ہیں۔ فریقین نے پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون مزید مضبوط بنانے، باہمی روابط کے فروغ اور علاقائی امن کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔

ذرائع کے مطابق ملاقات میں سکیورٹی اور داخلی امور سے متعلق تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے مختلف معاملات زیر بحث آئے۔ دونوں جانب سے اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ خطے میں امن، استحکام اور پائیدار حل کے لیے سفارتی و سیاسی کوششوں کو تقویت دی جائے گی۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کا ایرانی قیادت سے رابطہ پاکستان کی جانب سے خطے میں امن کے فروغ کے لیے جاری سفارتی و سکیورٹی کوششوں کو نمایاں کرتا ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی موجودگی سے پاکستان اور ایران کے درمیان داخلی سلامتی اور انسدادِ سکیورٹی چیلنجز کے شعبوں میں تعاون کی اہمیت بھی اجاگر ہوئی۔

ملاقات کو خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پاکستان ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی سمت ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button